بھٹکل:11؍جنوری (ایس اؤ نیوز) دھن کے پکے افراد کچھ کرنے کا اگر ٹھان لیں تو بہت کچھ کرسکتےہیں،ان میں سے ایک کیرلا کے ندین کمار بھی ہیں جو کیرلا کے تروچناپلی سے کشمیر تک کا سفر بذریعہ سائیکل کرنے کی دھن میں نکلے ہیں اور خاص بات یہ ہے کہ وہ راستے پر چائے بناکر بیچتے ہوئے سفر کے اخراجات پورے کررہے ہیں۔
دو سو سے زائد کلومیٹر کا سفر سائیکل پر طے کرتے ہوئے ندین کمار جب بھٹکل پہنچے تو انہوں نے اخبار نویسوں کو بتایا کہ وہ ایک متوسط گھرانے سےتعلق رکھتے ہیں مگر اس کے خواب بہت بڑے ہیں، جب وہ اپنے جذبات اور خواہشات کا اظہار کرتاہے تو محسوس ہوتاہے کہ ہمت، حوصلہ ، اعتماد ہوتو چٹان کو بھی ذرے میں تبدیل کرسکتےہیں۔ بقول ندین کمار ،جب میں گھر سے نکلا تھا تو میرے جیب میں صرف 170روپئےتھے، روزانہ صبح 30چائے بیچ کر اس دن کا خرچہ جمع کرنے کامنصوبہ بنا کر سفر پر نکلا ہوں۔ ہر دن چائے ختم ہوتے ہی اس دن کا سفر شروع ہوتاہے۔ چائے بیچنے پر سوال کیاگیا تو اس نےکہاکہ میں اپنے یومیہ خرچ کے لئے ایسا کرتاہوں، جہاں تک میرے سفر کا تعلق ہے کسی سے مدد مانگنے کی ضرورت نہیں ہے۔ میں کیرلا کے ایک ہوٹل میں مزدور تھا مجھے چائے بنانا اچھی طرح آتاہے، اسی لئے میں نے اپنا روزانہ کے اخراجات کے لئے اس راستہ کو اپنایا ہوں۔
ندین کمار ملک کی سیاحت کے لئے نکلا ہے،اس کا کہنا ہے کہ ہر مقام پر بہتر تعاون مل رہاہے، راستے پر کھڑے ہوکر لوگ استقبال کرتے ہیں اور جب بھی میں دھیمی رفتارسے چلتا ہوں تو لوگ پوچھنے لگتے ہیں کہ ’’کوئی مدد، تعاون چاہئے ‘‘ تو مجھے بہت خوشی ہوتی ہےاور میرے سفر کے ارادوں کو قوت ملتی ہے۔
کیرلا سے کشمیر تک کے سفر کے سلسلے میں ندین کمار کا کہنا ہے کہ یہ سفر 100دن میں مکمل کرنے کے ارادے سےنکلا ہوں۔ کیرلا سے نکل کر منگلورو اور اُڈپی سے ہوتے ہوئے بھٹکل پہنچا ہوں۔ اپنی رات گزاری کی کہانی بتاتے ہوئے کہتاہے کہ میں رات کے اوقات شاہراہ کنارے کے پٹرول بنکوں کو مناسب سمجھتا ہوں کیونکہ یہاں 24گھنٹے لوگوں کی چہل پہل رہتی ہے، سی سی کیمرے بھی لگے رہتےہیں، یوں میرے قیام کےلئے یہ بہتر جگہ ہے وہ رات کو کسی پٹرول پمپ کے باہر اپنا ٹینٹ لگاتا ہے اور وہیں نیند پوری کرتا ہے۔
فلم اداکاری اور ڈائرکشن : ندین کمار نے اپنی خواہشات کا اظہار کرتےہوئے بتایا کہ مجھے فلموں میں اداکاری کرنےاور ڈائرکشن دینے کی بڑی خواہش تھی مگر یہ ممکن نہ ہوسکا۔ تو میں نے سوچا کہ سائیکل پر سوار ہو کر ملک کا سفر کریں گے کیونکہ اس دوران مجھے ہر طرح کے لوگوں اور علاقوں کو دیکھنے کا موقع ملے گا۔ خاص کر سائیکل پر سیاحت کریں گے تو ہر طرح کے مشاہدات اور تجربات ہوں گے۔
سائیکل میں کیا کیاہے:اپنی سیاحت کو لےکر نکلے ندین کمار کی سائیکل میں اس کی سبھی ضروریات کا سامان موجود ہے، جس میں کپڑے، گیس سلینڈر، اسٹوو، فلاسک ، ڈیزل کین، چائے کافی پاؤڈر، دودھ پاؤڈر اور چائے بنانے کے ضروری سامان شامل ہیں۔